فائنل کال دے کر پورے ملک کو بند کر دیں گے، علی امین گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ نظام مزید تباہی کی طرف چل رہا ہے، فائنل کال دینی ہے جس کے بعد پورا ملک بند کر دیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظام مزید تباہی کی طرف چل رہا ہے۔ صوابی جلسے کے بعد آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ملک کی معیشت کا کباڑا نکال دیا ہے۔ فائنل کال فیصلہ کن مارچ کی دیں گے جس کے بعد پورے ملک کو بند کر دیں گے۔ پورا پاکستان نکلے گا اور اس حکومت سے جان چھڑائے گا۔

علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کو یہ لوگ خود خریدنا چاہتے ہیں اور سستے داموں بیچنے کے لیے یہ خود خریدار بنے ہوئے ہیں۔ پی آئی اے کی بولی کیلیے جہاں تک جانا پڑا جائیں گے۔ چندہ کر کے بھی پی آئی اے خریدنا پڑا تو خریدیں گے، مگر انہیں بیچنے نہیں دیں گے۔ ہم پی آئی اے کو خرید کر اسی نام سے چلائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام صوبے خسارے میں جا رہے ہیں، صرف خیبر پختونخوا سرپلس ہے۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ پڑھ لیں، ہم نے مقرر کردہ تمام ہدف پورا کیا جب کہ دیگر صوبے ناکام رہے اور بڑی بڑی باتیں کرنے والے صرف پیسے دے کر اشتہار ہی چلاتے رہے۔ کے پی حکومت کے پاس دو سرکاری ہیلی کاپٹر ہیں۔

https://urdu.arynews.tv/sheikh-rasheed-ahmad-prediction/