معافی نہیں مانگوں گا پہلے حکومت مجھ سے معافی مانگے، علی امین گنڈا پور

علی امین گنڈا پور

پشاور : وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور نے اعلان کیا ہے کہ کسی کاغلام نہیں جو معافی مانگوں، معافی نہیں مانگوں گا پہلے حکومت مجھ سے معافی مانگے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے ویڈیوپیغام میں کہا کہ تحریک انصاف پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنےدیں گے ، جوجماعتیں غیر آئینی کام کاحصہ بن رہی ہیں وہ اچھانہیں کر رہیں۔

وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ عوام جمہوریت،آئین اور بانی تحریک انصاف کے ساتھ ہے، بانی تحریک انصاف کو گرفتار ہوئے 414 دن ہو چکے، جنہوں نے غیر قانونی طور پرتوشہ خانہ سے گاڑیاں لیں وہ براجمان ہیں۔

انھوں نے اعلان کیا کہ معافی نہیں مانگوں گا پہلے حکومت مجھ سےمعافی مانگے، قوم غلام نہیں اور نہ ہم غلامی برداشت کریں گے۔

مزید پڑھیں : ہمت ہے تو دوبارہ اجازت دیں آپ کو بتائیں گے جلسہ کیا ہوتا ہے، علی امین گنڈاپور

انھوں نے نے اتوار کو میانوالی میں جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کےآزاد ہونے تک بانی آزاد نہیں ہوں گے، جمعہ کو نکلیں گے اور پرامن طریقے سے پورے ملک کے ہر شہر، ہرگاؤں میں آئین کے تحفظ، عدلیہ کی آزادی اورعمران خان کی رہائی کا مطالبہ کریں گے۔