اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہار یکجہتی کیلیے پنجاب جا رہے ہیں، علی امین گنڈاپور

علی امین گنڈاپور کی قافلہ پنجاب لے جانے سے متعلق وضاحت

اسلام آباد (12 جولائی 2025): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ کے پی حکومت کا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہار یکجہتی کیلیے ہے۔

علی امین گنڈاپور نے قافلے سمیت پنجاب روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارا قافلہ غیر قانونی، غیر آئینی، غیر جمہوری اور غیر اخلاقی اقدامات کے خلاف پُرامن ردعمل ہے، ہم صرف امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام لے کر پنجاب جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کے پی نے واضح کیا کہ جو سمجھتے ہیں کہ یہ کوئی احتجاج ہے وہ جان لیں یہ محض اظہار یکجہتی ہے، ہمارا مقصد انتشار نہیں بلکہ جمہوری اقدار کا تحفظ ہے، ہر قدم پر امن کی بات کی ہے اور ہر لفظ میں آئین کی پاسداری کا واضح پیغام ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی کے باہر اپنی اسمبلی لگا لی

انہوں نے کہا کہ عوام دیکھ لیں یہ قافلہ نفرت نہیں صرف محبت لے کر نکل رہا ہے، جمہوریت کے علمبردار اپنے بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلیے نکلے ہیں، صرف یہ بتانے جا رہے ہیں کہ جمہوری نمائندوں کے ساتھ کھڑے ہیں، قافلے کا ہر قدم آئین کی سر بلندی اور عوام کے حق نمائندگی کا استعارہ ہے۔

دوسری جانب ترجمان وزیر اعلیٰ کے پی نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ کے پی ہاؤس سے لاہور کیلیے روانہ ہوگئے، قافلے میں صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے، علی امین گنڈاپور براستہ جی ٹی روڈ لاہور جائیں گے۔