فیصل کریم کنڈی غلطی سے گورنر بن گئے ہیں، علی امین گنڈاپور

شوکت یوسف زئی

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ فیصل کریم کنڈی غلطی سے گورنر بن گئے ہیں، ملک میں بندر بانٹ ہوئی تھی ورنہ یہ گورنر نہیں بن سکتے تھے۔

علی امین گنڈاپور نے چائنہ ثقافتی مرکز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے چائنہ ونڈو سینٹر میں پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چائنہ کے کلچر اور ہسٹری کو یہاں رکھا ہوا ہے، وفاق ہمارے پیسے دے دے تو میں یہاں چائنیز کیلیے بلڈنگ بنانے کو تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس کیلیے چائنیز بھی میرا ساتھ دیں کہ پیسے مل جائیں، چائنہ ہمارے صوبے میں بہت کام کر رہا ہے، پاکستان اور چائنہ کی دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مجھے ان سے کوئی جلن نہیں ہے کیونکہ عوام نے بانی پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے، مریم نواز روزانہ کی بنیاد پر ٹک ٹاک بناتی ہیں میرے پیچھے خواتین کو چھوڑ دیا ہے جو سارا دن صوبے پر باتیں کرتی ہیں، کوئی مرد ہو تو میں جواب بھی دوں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سرکاری خزانہ میری باپ کی ملکیت نہیں، پاکستان کے بچوں پر پریشانی آئی تو سب سے پہلے میں نے کام کیا، دوستوں سے بات کر کے ارشد ندیم کو ذاتی حیثیت سے انعام دوں گا، سرکاری خرچے سے کچھ نہیں دے سکتا، اچھا ہوتا کہ یہ لوگ اپنی جیب سے ارشد ندیم کو انعام دیتے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی اپنا کردار ادا نہیں کر رہے، ان کو کہا ہے کہ آپ غلطی سے گورنر بنے ہیں، وہ سارا دن بیٹھ کر سیاست کر رہے ہیں، ان کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں وہ کسی کھاتے میں ہی نہیں۔