پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ایک ماہ کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی ایک ماہ کے لیے حفاظتی ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی اور درخواست منطور کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی کو ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت دے دی۔
سماعت کے موقع پر علی امین گنڈاپور کے وکیل عالم خان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست گزار اسلام آباد جانا چاہتا ہے لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے۔
عدالت نے کہا کہ پہلے بھی حفاظتی ضمانت دی گئی تھی جس پر وکیل نے بتایا کہ وہ حفاظتی ضمانت آج ختم ہو رہی ہے۔
دریں اثنا پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈاپور کی دو مقدمات میں راہداری ضمانت بھی منظور کرتے ہوئے انہیں 25 اکتوبر تک کے لیے راہداری ضمانت دے دی۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم نے درخواست کی سماعت کی اور درخواست گزار کو 25 اکتوبر تک متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی بھی ہدایت کی۔
سماعت کے موقع پر علی امین گنڈاپور کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کیخلاف اسلام آباد میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ان کا موکل عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں، مگر گرفتاری کا خدشہ ہے۔