پشاور (17 جولائی 2025): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے راولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان سے نمٹنے کیلیے تعاون کی پیشکش کر دی۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلیے صوبہ خیبر پختونخوا ہر قسم کی فنی و انسانی امداد کو تیار ہے، راولپنڈی و دیگرعلاقوں کو ہر قسم کی تکنیکی اور فنی امداد فراہم کرنے کو تیار ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ بارشوں میں جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے، صوبے کے عوام پنجاب کے بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال، پنجاب میں رین ایمرجنسی نافذ
انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت کی ہدایت پر امدادی مشینری ہائی الرٹ ہیں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں، مشکل وقت میں قوم کو ایک ہو کر عوامی خدمت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی میں بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے سمیت اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی، طوفانی بارشوں سے نمٹنے کیلیے صوبے میں ایمرجنسی پلان فعال ہے، بارشوں کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ادارے چوکس رہیں۔
واضح رہے کہ راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا اور پانی آبادی میں داخل ہونے کے خطرے کے پیش نظر مساجد میں اعلانات کیے جا رہے ہیں۔
اسلام اباد اور راولپنڈی سمیت نواحی علاقوں میں رات سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، راولپنڈی میں دو سو بیس ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ندی نالوں میں طغیانی کے باعث جڑواں شہروں میں الرٹ جاری کر دیا گیا اور نالہ لئی کے اطراف خطرے کی گھنٹیاں بج گئیں۔
ریسکیوون 1122 کی جانب سے مختلف مساجد میں اعلانات شروع کر دیے گئے ہیں، نالہ لئی میں پانی کی سطح بیس فٹ بلند ہونے پر پانی آبادی میں داخل ہونے کا خطرہ ہے۔
راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ اور مری روڈ کی شاہراہیں زیر آب آگئیں جبکہ نشیبی علاقوں میں گلیوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بارش کا سلسلہ آئندہ چند گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔