’قاسم اور سلیمان پر کوئی کیس نہیں گرفتاری کی بونگیاں مار رہے ہیں‘

آل پارٹیز کانفرنس خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ قاسم اور سلیمان پر کوئی کیس ہے نہ ایف آئی آر درج ہے۔

وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے بیٹوں پر کوئی کیس ہے نہ پرچہ کٹا ہوا ہے جس نے کچھ کیا ہی نہیں اسے گرفتار کرنے کی بونگیاں ماری جاریہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گھبراہٹ کا شکار ہوچکی ہے گرفتاریاں ہماری تحریک کا راستہ نہیں روک سکتیں، انسان صرف کوشش کرسکتا ہے آگے کا فیصلہ اللہ نے کرنا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تحریک شروع ہوچکی ہے روکیں گے نہیں۔

یہ پڑھیں: ’’بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں نے پاکستان آ کر تحریک میں حصہ لیا تو انھیں برطانوی سفارتخانہ ہی بازیاب کرا پائے گا‘‘

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے دھمکی دی تھی کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان آ کر تحریک میں شامل ہوئے تو انھیں گرفتار کر لیا جائے گا۔

انھوں نے دوسرے لفظوں میں دھمکی دی تھی کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کے پاکستان آنے سے کیا ہوگا ماسوائے ان کے لیے مشکلات ہوں، اگر انھوں نے پاکستان میں آ کر تحریک میں حصہ لیا تو گرفتار ہوں گے، اور پھر ان کو برطانوی سفارتخانہ ہی بازیاب کرائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا جو طریقہ کار رہا ہے کون اعتماد کرے گا کہ وہ پرتشدد نہیں ہوں گے، وہ جس طرح کے احتجاج کرتی رہی ہے ان کو احتجاج کا حق بالکل نہیں، وہ جس طرح اداروں پر حملہ کرتی رہی، جلاؤ گھیراؤ کیا، اسے اجازت نہیں دی جائے گی۔