علی محمد خان نے وفاقی وزیر کا دفاع کرنے سے صاف انکار کردیا

علی محمد خان

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کے پیپلزپارٹی سے متعلق بیان کا دفاع کرنے سے انکار کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ اسمبلی میں عمرایوب کےبیان کادفاع نہیں کروں گا، سیاسی اختلاف اپنی جگہ مگر تہذیب کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، سیاسی لیڈران کی ہمیشہ عزت کی اور ایسا ہی رویہ چاہتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ30،35سال قومی خزانےکو لوٹا گیا ہم سے15ماہ کاحساب لےسکتےہیں، نیب کی جانب سےکسی کیس کو منطقی انجام تک نہ پہنچنا الگ بحث ہے تاہم نیب اورحکومت کےگٹھ جوڑ کےدعوؤں کو مستردکرتا ہوں۔

علی محمدخان کا کہنا تھا کہ نیب سےمتعلق اپوزیشن کو اعتراض ہےتو سپریم کورٹ چلےجائیں، چینی آٹےبحران پر عمران خان واضح کہہ چکے ہیں ذمہ داروں کو سزائیں ملیں گی۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل قومی اسمبلی میں تقریر کے دوران عمر ایوب نے پیپلزپارٹی کی کرپشن پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک صدر ہوتے تھے جو مسٹر ٹین پرسنٹ مشہور تھے جس پر پی پی اراکین طیش میں آگئے اور عمر ایوب کے سامنے کھڑے ہوگئے۔

عمر ایوب بھی اپنے بیان پر ڈٹ گئے اور آج بھی جلسے میں کہا کہ پرسنٹیج گنوانے پر پیپلزپارٹی کو تکلیف ہوتی ہے، پہلی بار ملک میں ایماندار وزیراعظم آیا ہے جو چوروں اور لٹیروں کو نہیں چھوڑے گا۔