پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار

علی محمد خان

مردان: پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کو ضمانت پر رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیر مملکت علی محمد خان کے وکیل ندیم شاہ ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے حکم پر علی محمد خان کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

ندیم شاہ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ مردان کے سیشن جج نے آج علی محمد خان کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ علی محمد خان کو آٹھویں بار گرفتار کیا گیا ہے، ہائیکورٹ نے 4 اگست تک مزید کیس میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

ندیم شاہ ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ علی محمد خان کو سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے کیسز میں گرفتار کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ 9 جون کو علی محمد خان کو مردان کی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رہائی کے بعد اینٹی کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔