محبت میں دھوکا ہوجائے تو نئی محبت کرنی چاہیے، علی رحمان

علی رحمان

شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار علی رحمان خان کا کہنا ہے کہ اگر کسی انسان کے ساتھ محبت میں دھوکا ہوجائے تو اسے ہر دو سال کے بعد نئی محبت کرنی چاہیے۔

اداکار علی رحمان نے نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی اور نجی زندگی سمیت شوبز کیریئر، شادی سے متعلق کھل کا اظہار خیال کیا۔

علی رحمان نے یک طرفہ محبت کے حوالے سے کہا کہ وہ بھی بار بار ہونی چاہیے اور ہر بار نئے شخص سے ہونی چاہیے، اس میں کوئی غلط بات نہیں۔

علی رحمٰن خان نے انکشاف کیا کہ وہ ایک خاتون دوست پر دو سال قبل تک فدا تھے اور انہوں نے اس لڑکی کو یہ بات بھی بتائی لیکن پھر وہ ان کا ’کرش‘ نہ رہیں۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر علی رحمان کا کہنا تھا کہ ابھی انہیں رشتہ ازدواج میں بندھنے کی جلدی نہیں، ابھی وہ کیریئر پر توجہ دیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے والد نہیں چاہتے تھے کہ وہ اداکار بنیں، اس لیے انہوں نے انہیں مشروط اداکاری کی اجازت دی اور کہا کہ وہ پڑھ لکھ کر ملازمت اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ جو چاہے کرتے رہیں لیکن پہلے انہیں کوئی اچھی نوکری تلاش کرنی پڑے گی۔

اداکار کے مطابق انہوں نے تعلیم مکمل کرنے کے بعد اقوام متحدہ (یو این) میں ملازمت اختیار کی اور ساتھ ہی انہوں نے اپنا شوق پورا کرنے کے لیے تھیٹر اداکاری بھی شروع کردی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کئی سال تک ملازمت کے ساتھ ساتھ اداکاری بھی کی اور اسی دوران ہی وہ مختصر فلموں سمیت کمرشلز میں بھی آنے لگے اور بعد ازاں انہوں نے ملازمت چھوڑ کر مستقل طور پر اداکاری کرنا شروع کی۔