نجم سیٹھی کے صاحبزادے علی سیٹھی نے شادی سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔
سوشل میڈیا پر گزشتہ چند دنوں سے علی سیٹھی کی شادی سے متعلق افواہیں زیر گردش ہیں، مذکورہ معاملہ سامنے آیا تو علی سیٹھی کے چاہنے والوں کے ساتھ دیگر افراد کی جانب سے بھی شدید برہمی کا اظہار کیا جانے لگا اور ان پر شدید تنقید شروع ہو گئی۔
آخرکار پاکستان کے ٹاپ گلوکاروں میں شمار کیے جانے والے گلوکار علی سیٹھی نے ان سب قیاس آرائیوں اور افواہوں کا خاتمہ کرتے ہوئے حقیقت بیان کر دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے گلوکار نے کہا ’میں نے شادی نہیں کی‘ انھوں نے لکھا ’میں نہیں جانتا کون میرے بارے میں یہ سب افواہیں پھیلا رہا ہے۔‘
علی سیٹھی نے مزید لکھا ’لیکن ہو سکتا ہے کہ اس سے میرے نئے آنے والے گانے کو شہرت مل جائے۔‘ ساتھ ہی انھوں نے اپنے نئے گانے کا لنک بھی شیئر کیا۔
یاد رہے کہ علی سیٹھی نے کم عرصے میں شہرت کی بلندیوں کو چھوا ہے اور اب کا شمار ملک کے بڑے گلوکاروں میں ہونے لگا ہے، ان کے گانے ’پسوڑی‘ کو شائقین موسیقی کی جانب سے بہت زیادہ پسند کیا گیا۔