علی ظفر نے اپنی خوبصورتی کا راز بتا کر سب کو حیران کر دیا

کراچی: پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار و اداکار علی ظفر نے مداح کے سوال پر اپنی خوبصورتی کا راز بتا کر سب کو حیران کر دیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر گلوکار و اداکار علی ظفر سے ان کے ایک مداح نے سوال کیا کہ یہ بتائیں آپ کے چہرے پر اتنا نکھار کیسے آتا ہے؟

اس پر علی ظفر نے تفصیلی جواب دیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’کبھی ایسی کریم استعمال نہ کریں جس پر خوبصورتی، گورا پن اور نکھار (Glow) جیسے فینسی الفاظ لکھے ہوں، در حقیقت نکھار اندر سے آتا ہے۔

گلوکار و اداکار نے اپنے جواب کو مزید واضح کیا کہ ’روزانہ ایک اچھا موئسچرائزر اور سن بلاک استعمال کریں، اچھا سوچیں، نیت صاف رکھیں، اچھا کھائیں پیئیں، روح کو پاک رکھیں، غیبت مت کریں، ورزش کریں، اور والدین کی خدمت کریں اس سے سب چمک جائے گا۔‘

ایکس پر علی ظفر کے جواب کو ان کے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا جبکہ دیگر صارفین نے بھی ان کی تعریف کی۔

علی ظفر کو نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت اور دنیا کے دیگر ممالک میں پسند کیا جاتا ہے۔ انہوں نے گلوکاری سے اپنا کیریئر شروع کیا اور بعد میں اسکرین پر بھی جلوہ گر ہوئے۔