’ہمت کریں استعفیٰ دیں‘ علی زیدی کا مراد علی شاہ کو چیلنج

port qasim land

  اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے وزیر اعلیٰ سندھ کو چیلنج دیا ہے کہ وہ اپنی نشست سے مستعفی ہوں اور دوبارہ الیکشن کرا کے دیکھ لیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنایا جارہا، خرم شیر زمان پر الزام عائد کیا گیا تو اُس کا ردعمل سامنے آیا۔

انہوں نے مراد علی شاہ کو چیلنج دیا کہ آپ ہمت کر کے استعفیٰ دیں اور دوبارہ الیکشن کرا کے دیکھ لیں۔

مزید پڑھیں: وزیرِ اعلیٰ سندھ کو نہیں ہٹایا گیا تو ہم شور کریں گے: علی زیدی

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’جو نام جے آئی ٹی نے دیے وہ ای سی ایل میں ڈالے گئے، مذکورہ افراد مقدمات کا سامنا کریں اور اپنا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ سے نکل وا لیں‘۔

علی زیدی نے دعویٰ کیا کہ آصف زرداری کے نیویارک فلیٹس سے متعلق ہمیں بھی کالز موصول ہوئیں، محمد اقبال نامی شخص نے نیویارک میں واقع پینٹ ہاؤس 12 مارچ 2007 کو 50 فیصد مورگیج پر خریدا تھا‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ فلیٹ نمبر ایف 37 کا بل آصف زرداری کے نام پر آتا ہے، اگر اپارٹمنٹ سابق صدر کی زیر ملکیت نہیں تو پھر ٹیکس بل کا اُن کے نام پر آنا سمجھ سے بالا تر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اراضی اسکینڈل: نیب نے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو طلب کرلیا

علی زیدی کا یہ بھی کہنا تھا کہ آصف زرداری نے اپارٹمنٹ کی پاور آف اٹارنی مہرین شاہ کے نام پر بنوائی، پینٹ ہاؤس اور اپارٹمنٹ 37 ایف پر 73 ہزار ڈالر واجب الادا ہیں۔