عالیہ بھٹ کو کس بات کا پچھتاوا ہے؟ اداکارہ نے بتادیا

عالیہ بھٹ

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ انڈسٹری میں 10 سال مکمل ہونے پر خوش ہوں لیکن ایک بات کا پچھتاوا بھی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انٹرویو میں اداکارہ عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ میں نے انڈسٹری میں دس سال مکمل کیے تو اس دوران میری زندگی میں کافی تبدیلی آتی رہی، ایک وقت تھا جب میں اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے اور اپنی نیند سمیت ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیاری تھی اور مسلسل کام اور شوٹنگ کرتی تھی لیکن اب میرا بھی خاندان،  ایک بیٹی اور شوہر ہے۔

عالیہ بھٹ نے کہا کہ میں محسوس کرتی ہوں کہ میں نے ان دس سالوں میں والدین، بہن اور دوستوں کے ساتھ وقت نہیں گزارا جس کا مجھے پچھتاوا ہے لیکن اب میں ایسا کرنا چاہتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یقیناً کبھی بھی کام کرنا نہ چھوڑیں لیکن زندگی میں کچھ توازن پیدا کرنے کی کوشش کریں لیکن مجھے ایسا لگتا ہے کہ اکثر ہم ایسا نہیں کرسکتے۔

عالیہ بھٹ نے کہا کہ اگر مجھے کوئی کام نہیں ہوتا تو میں اکثر اپنے فون کو نہ دیکھ کر اپنی زندگی اور کام میں توازن پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔

واضح رہے کہ عالیہ بھٹ نے بالی ووڈ میں ڈیبیو کرن جوہر کی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے گنگو بائی کاٹھیا واڑی، آر آر آر، برہماسٹرا سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

یاد رہے کہ عالیہ بھٹ اداکار رنبیر کپور کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھیں، ان کی ایک بیٹی ’راحا‘ ہے۔

عالیہ بھٹ کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ 28 جولائی کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی جبکہ اداکارہ ہالی ووڈ ڈیبیو فلم ’ہارٹ آف اسٹون، 11 اگست کو ریلیز ہوگی۔