بالی ووڈ کی اداکارہ عالیہ بھٹ نے معروف فلمساز ایس ایس راجا مولی سے ملنے والے چند قیمتی مشوروں سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ فلمساز ایس ایس راجا مولی نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ اگر کوئی فلم باکس آفس پر نہیں چلتی ہے تو فلم سازوں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ فلم کے بارے میں خبریں چلیں۔
اداکارہ کا بتانا ہے کہ ’فلمساز کا کہنا تھا کہ یہ طریقہ انڈسٹری میں پبلسٹی اور مارکیٹنگ کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔‘
عالیہ بھٹ کا بتانا ہے کہ راجا مولی کا کہنا تھا کہ فلم کی ممکنہ ناکامی کے باوجود فلم کا ایک بیانیہ تخلیق کرکے مارکیٹنگ کے ذریعے ایک فلاپ فلم کو بھی کامیابی میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ عالیہ بھٹ ایک بار پھر ہدایت کار ایس ایس راجا مولی کی فلم میں اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی جبکہ فلم میں ہیرو کا کردار مہیش بابو نبھائیں گے۔
یاد رہے کہ عالیہ بھٹ نے اس سے قبل ایس ایس راجا مولی کی بلاک بسٹر فلم ’آر آر آر‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔