بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ کے نانا نریندر ناتھ رازداں 95 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ عالیہ بھٹ کے نانا طویل عرصے سے علیل تھے اور حال ہی میں انہیں پھیپھڑوں میں انفیکشن کے سبب بریچ کینڈی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ انفیکشن پھیلنے کے سبب انہیں آئی سی یو میں شفٹ کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ رہ سکے۔
اداکارہ اور عالیہ بھٹ کی والدہ سونی رازداں کی جانب سے سوشل میڈیا پوسٹ شیئر کرتے ہوئے والد کے انتقال کی تصدیق کی گئی جس کے بعد بالی وڈ شخصیات کی جانب سے بھی افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
اداکارہ نے اپنے نانا کے ساتھ گزارے گئے قیمتی لمحات کے بارے میں بھی لکھا کہ ’انہوں نے گولف کھیلا، بہترین آملیٹ بنایا، بہترین کہانیاں سنائیں، وائلن بجایا’۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ’میرا دل غم سے بھرا ہوا ہے لیکن خوشی سے بھی بھرا ہوا ہے کیونکہ میرے نانا نے ہماری خوشی کے لیے بہت کچھ کیا اور اس کے لئے میں خود کو خوش قسمت اور شکر گزار محسوس کرتی ہوں کہ انکے سائے میں میں نے پرورش پائی۔