اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’نور جہاں‘ میں ’سفینہ‘ کا کردار نبھانے والی اداکارہ علینا عباس نے بتایا ہے کہ انہیں ماضی میں کس وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
پاکستانی اداکارہ علینا عباس نے اپنی بہن فاطمہ کے ساتھ پوڈ کاسٹ میں دراز قد ہونے، عمر اور جسامت سے متعلق کی گئی تنقید سے متعلق اظہار خیال کیا۔
انہوں نے بتایا کہ میرا قد 6 فٹ ہے اور 29 سال کی عمر میں کیریئر کا آغاز کیا اب میں 32 سال کی ہوچکی ہوں۔
علینا عباس نے اپنے دراز قد سے متعلق کہا کہ میں بچپن سے ہی دراز قد کی وجہ سے تنقید کا شکار ہورہی ہوں جسے پاکستانی معاشرہ غیر معمولی طور پر لمبا کہتا ہے۔
اداکارہ نے اسکول کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے یاد ہے کہ ایک مرتبہ ٹیچر نے کہا تھا کہ تم پانچویں جماعت کی طالبہ لگتی ہو اور پھر بھی دوسری کلاس میں ہو، اگر میں دراز قد ہوں تو اس میں میرا کیا قصور ہے؟۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمر کی میں نے کبھی پرواہ نہیں کی، کسی کی رائے پر اداکاری نہیں چھوڑوں گی، اگر سامعین مجھے دیکھنا چاہتے ہیں تو کام جاری رکھوں گی۔
نور جہاں میں اپنے کردار سے متعلق علینا نے کہا کہ ’سفینہ‘ اب تک کا سب سے مشکل لیکن سب سے فائدہ مند کردار ہے اور ہوسکتا ہے کہ بہت سے خواتین اس صورتحال سے گزر رہی ہوں اور مجھے ان کے لیے دکھ ہوتا ہے کہ کاش وہ ایسا نہ کرتیں۔
واضح رہے کہ نور جہاں کی کاسٹ میں صبا حمید، کبریٰ خان، حاجرہ یامین، علی رحمان، نور حسن، زویا ناصر، علی رضا، یوسف بشیر قریشی، محمود اسلم ودیگر شامل ہیں۔
ڈرامے کی ہدایت کاری کے فرائض مصدق ملک نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی زنجابیل عاصم شاہ نے لکھی ہے، ’نور جہاں‘ ہر جمعے اور ہفتے کی رات 8 بجے نشر کیا جاتا ہے۔