دوحہ: دنیا کو اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر جاری مظالم سے آگاہ رکھنے والا قطری نیوز چینل سائبر حملوں کی زد میں آگیا۔
الجزیرہ ٹی وی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ہمارے میڈیا نیٹ ورک پر سائبر حملوں کی بھر مار ہے، 7 اکتوبر سے اب تک 15 ہزار سے زائد سائبر حملے ہو چکے ہیں۔
قطری چینل نے بتایا کہ 90 فیصد حملے یورپی ممالک سے کیے گئے جبکہ 10 فیصد کیلیے آئی پی تبدیل کی گئی، سائبر حملوں کا مقصد اسرائیلی جارحیت سے دنیا کو آگاہی دینے سے روکنا ہے، حملے انتہائی تھے جس کا نیٹ ورک نے بھرپور مقابلہ کیا۔
چینل نے بتایا کہ ہم سائبر حملے کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
حماس کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے فوراً بعد سے اسرائیلی حکومت الجزیرہ پر پابندی لگانے کے بارے میں غور کر رہی تھی اور 20 اکتوبر کو قطری چینل سمیت دیگر متعدد غیر ملکی خبر رساں اداروں پر پابندی کا قانون منظور کیا۔
اسرائیلی وزیر اطلاعات سلام کرہی کا کہنا تھا کہ اسرائیل حالت جنگ میں ہے، اسے زمین، فضا اور سمندر کے ساتھ سفارت و صحافتی محاذ پر بھی جارحیت کا سامنا ہے، اس لیے ہم ایسی کسی چیز کی نشر و اشاعت کی اجازت نہیں دیں گے جو اسرائیلی ریاست کے نقصان دہ ہو۔
اس سے چند روز قبل خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اسرائیلی حکومت نے قطری نیوز چینل پر پابندی لگانے کیلیے غور شروع کر دیا۔