امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے خیبرپختونخوا میں ہنگامی صورتحال میں مکمل تعاون کا اعلان کیا ہے۔
امیرجماعت اسلامی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور سیلاب سے ہونے والی تباہی میں ہنگامی صورتحال میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کےپی حکومت کی بھرپور مدد کرے گی ساتھ ہی حکومت متاثرین کو مشکلات سے نکالنے کیلئے تمام اقدامات کرے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آزمائش کے وقت سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قوم کو متحد ہونا ہو گا، بونیر سمیت صوبے میں سیلابی ریلوں سےحالات مخدوش ہیں جماعت اسلامی کےکارکنان متاثرین کی مددکریں گے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے جماعت اسلامی کے کردار کو سراہتے ہوئےحافظ نعیم الرحمان سے اظہارتشکر کیا۔
اس سے قبل اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آزمائش اور غم کی اس گھڑی میں ہم اپنے بھائیوں کے ساتھ ہیں الخدمت فاؤنڈیشن نے ریلیف ورک شروع کردیا ہے جماعت اسلامی کے تمام کارکنان رضاکارانہ بنیادوں پر خدمات انجام دیں۔
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلا میں آج رات موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، کرک، بنوں، ہنگو اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مہمند، کرم، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، میں بارش کا امکان ہے۔