کراچی: ترجمان گورنر ہاؤس نے کہا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال کی جانب سے عشرت العباد پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔
گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں ترجمان نے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کی جانب سے عشرت العباد پر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ڈاکٹر عشرت العباد سندھ میں قیام امن اور فلاح و بہبود کے لیے ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں‘‘۔
بیان میں کہا گی ہے کہ گورنر سندھ کراچی آپریشن میں بلاتفریق کارروائی کو یقینی بنایا گیا ہے اور ملزموں کے خاتمے تک یہ کارروائی ہر صورت جاری رہیں گی، ترجمان نے مزید کہاکہ کراچی میں جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے گورنر سندھ پرعزم ہیں۔
پڑھیں: بانی متحدہ کی حمایت پر گورنر کو گرفتار کیا جائے، مصطفیٰ کمال
مزید پڑھیں: مصطفیٰ کمال کا ذہنی توازن درست نہیں، ڈاکٹرعشرت العباد
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کسی بھی قسم کا بیان دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی چھان بین کے بعد کوئی بیان دیا جائے گا جبکہ مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ’’گورنر سندھ نفیس آدمی ہیں اُن پر لگائے جانے والے الزامات سے ہمیں تکلیف اور وفاق کو افسوس ہوگا‘‘۔