الیکشن کمیشن پر الزامات: فواد اور اعظم سواتی کی معافی قبول

اسلام آباد: الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات سے متعلق کیس میں فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو بڑا ریلیف مل گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات کے حوالے سے وزیر ریلوے اعظم سواتی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی ، الیکشن کمیشن کے تین رکنی وفد نے سماعت کی۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری اور اعظم سواتی کی معافی قبول کرتے ہوئے دونوں وفاقی وزرا کو آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

فیصلہ آنے کے بعد وفاقی وزیرریلوے اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میں الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں میری معذرت قبول کی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن پر الزامات، اعظم سواتی کو جواب جمع کرانے کی ہدایت

اعظم سواتی نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو خودمختار بنانے کیلئے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے، چاہتے ہیں کہ حکومت اور الیکشن کمیشن میں کوئی خلیج باقی نہ رہے، غیرملکی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ای وی ایم پر الیکشن کمیشن اچھے فیصلے کرنے والا ہے، ای ایم کے زریعے ووٹ کے تقدس کی حفاظت کی جائے گی، شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو ہر طرح سے مضبوط کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کے ممبران کو بھی کہا ہے کہ سب آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

اس موقع پر اعظم سواتی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ صاف شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، ماضی میں جو ہوا اسکی معذرت کر چکے ہیں، الیکشن کمیشن کے سامنے معذرت کرنا شہریوں کی ذمہ داری ہے جو نبھائی، الیکشن کمیشن نے بھی کہا کہ حکومت ہمارا ہاتھ بٹائے۔

یاد رہے کہ اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر پیسے لینے اور فواد چوہدری نے چیف الیکشن پر نوازشریف سے رابطے کا الزام عائد کیا تھا تاہم الیکشن کمیشن نے وفاقی وزرا کی جانب سے پریس کانفرنس میں عائد کیے جانے والے الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا تھا۔