کراچی کے علاقے گلشن اقبال 10 اے میں مبینہ طور پر قربانی کے بکرے چوری کرنے میں ملوث فیملی رنگے ہاتھوں پکڑی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مبینہ چور بچوں اور خواتین کو گاڑی میں بٹھا کر علاقے سے بکرے چوری کرنے میں مصروف تھا کہ قریب مجود لوگوں نے اسے دیکھ لیا۔
علاقہ مکینوں نے مبینہ چور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی گاڑی بھی ضبط کرلی۔ پولیس اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو حراست میں لیا۔ مشتعل افراد نے گاڑی پر پتھراؤ کر کے شیشے توڑ دیے۔
پولیس کے مطابق ملزم کو تھانے منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
گزشتہ روز اے آر وائی نیوز نے رپورٹ دی تھی کہ کراچی میں چند روز کے دوران قربانی کیلیے لائے گئے 60 سے زائد جانور چوری یا چھین لیے گئے۔
نارتھ کراچی سیکٹر 7 اے پلاٹ سے شہری کے 40 بکرے چوری ہوئے۔ یاسین آباد سے دکان کا شٹر کاٹ کر 2 بکرے جبکہ فرئیر تھانے کے قریب فلیٹ سے گائے چوری کی گئی۔
ڈالمیا کے قریب گھر کے باہر بندھی گائے ملزمان گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔ اورنگی ٹاؤن سے سیکٹر ساڑھے 11 میں 4 جانور چھین لیے گئے جبکہ بلوچ پور سے 5 جانور چوری ہوئے۔ بلدیہ ٹاؤن ساڑھے 5 نمبر پر بھی چور بیل لے اڑے۔