کیا ایٹلی کی فلم سے الو ارجن نے سلمان خان کی چھٹی کروائی؟ حقیقت سامنے آگئی

سلمان خان

بالی ووڈ فلمساز ایٹلی کی فلم سے الو ارجن کے سلمان خان کو باہر کرنے کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ ساؤتھ انڈین سپر اسٹار الو ارجن نے ایٹلی کی میگا بجٹ کی ایکشن فلم میں سلمان خان کی جگہ لے لی ہے۔

سلمان خان ان دنوں ایکشن فلم ’سکندر‘ کی ریلیز کے منتظر ہیں جو عید پر بڑے پردے کی زینت بنے گی۔

ساؤتھ انڈین فلمساز ایٹلی نے آخری بار شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کی ڈائریکشن دی تھی اب سلمان خان ان کی میگا بجٹ ایکشن فلم میں دکھائی دیں گے۔

گزشتہ چند ہفتوں سے بھارتی میڈیا کی کئی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ سلمان خان کی جگہ فلم سے ’پشپا‘ اسٹار اللو ارجن کو لے لیا گیا ہے جو ایٹلی کی فلم میں لیجنڈ اداکار رجنی کانت کے ساتھ شامل ہوں گے کیونکہ پروڈیوسر اس منصوبے کے بڑے بجٹ کو سلمان خان ​​پر لگانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

لیکن ان تمام خبروں کے برعکس اب معلوم ہوا ہے کہ الو ارجن نے اس ٹائٹل میں خان کی جگہ نہیں لی ہے بلکہ وہ ایٹلی کے ساتھ ایک الگ پروجیکٹ میں کام کر رہے ہیں۔

ایٹلی نے کچھ دن پہلے سلمان خان سے ملاقات کی تھی اور پورے معاملے کی وضاحت کی، فلمساز نے سلمان سے اپنی تاریخوں کو ایک سال تک روکے رکھنے پر معذرت کی اور 2026 میں واپسی کا وعدہ کیا۔

سلمان خان نے اٹیلی سے کہا کہ وہ معذرت خواہ نہ ہوں کیونکہ فلموں میں تاخیر انڈسٹری کا حصہ ہے۔