متبادل توانائی : جرمن سرمایہ کاروں کا سندھ میں اظہار دلچسپی

کراچی : وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ سے جرمن سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر متبادل توانائی کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے سندھ میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لینے پر جرمن سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں متبادل توانائی کے وسیع وسائل موجود ہیں ہم تمام سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔

صوبائی وزیر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ سندھ میں سرمایہ کاری کے لئے سندھ حکومت اوپن فورم مہیا کرے گی سندھ حکومت ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

امتیاز شیخ نے مزید کہا کہ وفد نے شمسی توانائی، ہوا اور کچرے سے بجلی کی پیداوار اور ماحول دوست ہایڈروجن گیس کی پیداوار میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ جرمن سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات ،صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری اور مقامی ملازمتوں کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگی جس سے ملک و قوم خوشحال ہوگی اور خوشحالی کہ ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

علاوہ ازیں جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز کا کہنا تھا کہ کراچی ثقافتی زندگی سے بھرپور شہر ہے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات گہرے تعلقات ہیں ثقافتی اور معاشی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔