پاکستانی اداکارہ و لکھاری امر خان نے کہا ہے کہ ہم ایک جاہل قوم ہیں، اس وجہ سے دوسرے اداکاروں پر تبصرے کرتے ہیں۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ امر خان کا ایک انٹر ویو کلپ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے ایک اداکار کی جانب سے دوسرے اداکار پر تبصرہ کرنے کے عمل کو جاہلانہ قرار دیا ہے۔
میزبان نے امر خان سے سوال کیا کہ ہماری انڈسٹری میں ایسا مشہور اداکار یا اداکارہ کون ہیں؟ جو زیادہ شہرت کے حق دار نہیں؟
امر خان نے سوال کے جواب میں پوچھا کہ آپ مجھ سے یہ سوال کیوں کررہی ہیں؟ ایسے سوال نہیں پوچھنے چاہئیں کیونکہ آج کل ویسے ہی ٹی وی اور سوشل میڈیا پر ایسے کئی پروگرامز چل رہے ہیں جن میں اوور ریٹڈ، انڈر ریٹڈ اور کچرا اداکار سے متعلق دوسرے اداکار تبصرے کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
امر خان نے کہا کہ دُنیا میں ایسا کوئی ملک نہیں ہے کہ جہاں ایک اداکار اپنی انڈسٹری کے دوسرے اداکار پر تبصرہ کرے، یہ صرف ہماری انڈسٹری میں ہی ہوتا ہے کیونکہ ہم ایک جاہل قوم ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اس سوال کا مختصر اور سیدھا جواب یہی ہے کہ ہم جاہل قوم ہیں، میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتی۔
واضح رہے کہ امر خان تجربہ کار اداکارہ فریحہ جبین کی بیٹی ہیں، اداکارہ ڈراموں اور فلموں دونوں میں نظر آ چکی ہیں وہ خود کو انڈسٹری میں ایک اے لسٹر اداکارہ کے طور پر قائم کرنے میں کامیاب رہی ہیں، اداکارہ نے فلم میکنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔
اداکارہ و لکھاری امر خان نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’بددعا‘ میں منفی کردار نبھایا تھا۔ جس کی دیگر کاسٹ میں محسن عباس حیدر، منیب بٹ، مریم نور، محمود اسلم، سلمیٰ حسن ودیگر شامل تھے۔