امریکا اسرائیل کے ذریعے فلسطینیوں کےخلاف جنگ کررہا ہے، ایران

ایران کا کہنا ہے کہ امریکا اسرائیل کے ذریعے فلسطینیوں کےخلاف جنگ کررہا ہے، بمباری کرنے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اصل میں امریکی ریاست اسرائیل کے ذریعے فلسطینیوں کے خلاف جنگ کررہی ہے۔

ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبدالہیان نے مزید کہا کہ غزہ میں شہریوں پر بمباری جاری رہی تو نتائج بھگتنے ہوں گے۔ اسرائیل کی جعلی حکومت امریکا کی نمائندگی کررہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ بائیڈن نے اسرائیل کا غیرمعمولی جنگی دورہ کیا۔ بائیڈن نے اسپتالوں، مساجد اور گرجا گھروں پر حملوں کی حمایت کی۔ بائیڈن نے کہا طیارے، بحری جہاز اور ہتھیاراسرائیل بھیجیں گے۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم کے باوجود اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کرنے کے بعد امریکا نے اسرائیل کی حمایت میں قرارداد پیش کی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، ایران دہشت گرد گروہوں کو ہتھیاروں کی فراہمی بند کرے اسرائیل مخالف گروہوں کی وجہ سے خطے میں امن و سلامتی کو خطرہ ہے۔