مسافر طیارے میں دوران پرواز خوفناک آتشزدگی، ویڈیو

مسافر طیارے

لاس ویگاس : امریکن ایئر لائن کے مسافر طیارے میں دوران پرواز آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاز میں 159 مسافر سوار تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی مسافر طیارے کے انجن میں دوران پرواز آگ لگ گئی، طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، واقعہ لاس ویگاس کے ہیری ریڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق پرواز 1665 لاس ویگاس سے روانہ ہوئی، کچھ ہی دیر بعد ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی
پرواز 1665 میں 153 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔

دوران پرواز انجن سے دھواں اور چنگاریاں نکلنے لگیں، مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا، پائلٹ نے فوری طور پر ایئرپورٹ اتھارٹی سے رابطہ کیا اور طیارے کو بحفاظت لینڈ کرایا۔

امریکن ایئرلائن کی پرواز 1665 جو 153 مسافروں کو لے کر شارلٹ، نارتھ کیرولائنا جا رہی تھی کہ اسے اُڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ہی لاس ویگاس واپس آنا پڑا۔

لین ہیز نامی مسافر نے میڈیا کو بتایا کہ بدھ کی صبح جیسے ہی طیارہ لاس ویگاس کے ہیری ریڈ ایئرپورٹ سے اُڑا، اُسے ایک زور دار آواز سنائی دی جو بالکل کسی گولی چلنے جیسی لگ رہی تھی۔

اس نے بتایا کہ جیسے جیسے طیارہ اوپر جا رہا تھا، وہ کھڑکی سے چنگاریاں دیکھ رہا تھا جو دائیں انجن سے نکل رہی تھیں اور یہ آوازیں بار بار آرہی تھیں۔

کچھ دیر بعد پائلٹ نے اعلان کیا کہ یہ طیارہ اب شارلٹ نہیں جا رہا اور لاس ویگاس واپس لوٹنے کا فیصلہ کیا، کچھ مسافر خوفزدہ ہو کر رونے لگے جبکہ کچھ لوگ ایک دوسرے کو تسلی دے رہے تھے۔