عالمی ریکارڈ بنانے کی خواہش، کدو میں بیٹھ دریا کا طویل ترین سفر؟

دنیا میں کئی مہم جو عالمی ریکارڈ بنانے کی دھن میں کچھ نا قابل یقین کام کر جاتے ہیں جیسا کہ ایک امریکی شہری نے کدو میں بیٹھ کر دریا میں طویل سفر طے کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست میاچوسٹس کے شہر فلورینس کے رہائشی ڈیو روٹھ اسٹین سر میں عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا سودا سمایا اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اس نے 464 کلو گرام وزنی کدو میں دریا میں 64.37 کلو میٹر سے زیادہ کا سفر طے کر لیا۔

اس کے لیے ڈیو نے کدو کو اندر سے کھوکھلا کرکے اسے کشتی کی شکل دی اور پھر ڈیئر فیلڈ کے علاقے سے بولیو تک کا سفر طے کیا جس کی مسافت لگ بھگ 64.37 کلو میٹر ہے۔

 واضح رہے کہ کدو پر دریا کے طویل سفر کا عالمی ریکارڈ فی الحال امریکی ریاست نیبراسکا سے تعلق رکھنے والے ڈوانے ہینسن کے پاس ہے جنہوں نے 2022 میں 60.35 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا تھا۔

گزشتہ ماہ ریاست مشوری کے شہر لیبنن سے تعلق رکھنے والے اسٹیو کیونے نے 61.7 کلو میٹر طے کیا لیکن ان کی کوشش کی ابھی گینیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے تصدیق کی جانی باقی ہے۔

جب کہ ڈیو روٹھ کی یہ حالیہ کاوش اگر عالمی ریکارڈ کی مستند کتاب ’’گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ‘‘ سے قبولیت کی سند پاتی ہے تو یہ نیا عالمی ریکارڈ ہوگا تاہم اس حوالے سے گنیز بک انتظامیہ کی جانب سے کوئی بیان یا اعلامیہ سامنے نہیں آیا ہے۔