امریکی رکن کانگریس بریڈ شرمین نے گزشتہ دنوں لاہور میں پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ پر مبینہ تشدد کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکی رکن کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے سینیئر رکن بریڈ شرمین نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی جس کے بعد بریڈ شرمین نے اپنا ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں پی ٹی آئی کارکن ظلِ شاہ کو تشدد کا نشانہ بنا کر اس کی لاش پھینک دی گئی۔ اس پر تشدد کی تحقیقات کی جائیں۔
امریکی رکن کانگریس بریڈ شرمین نے اپنے جاری ویڈیو بیان میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صحافت اور اظہار رائے کی آزادی کا احترام کرے۔
بریڈ شرمین نے کہا کہ پاکستان میں آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر پابندی لگائی گئی۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر پر پابندیاں لگائی گئیں۔ اے آر وائی نیوز کا لائسنس معطل کیا گیا۔
امریکی رکن کانگریس کا کہنا تھا کہ صحافی ارشد شریف اور ظل شاہ کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا۔ پاکستانی حکام اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنائیں۔ ظل شاہ پر مبینہ تشدد کی تحقیقات کی جائیں اور ذمے داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی کانگریس موجودہ صورتحال کو قریب سے دیکھ رہی ہے۔ ہم ایسا پاکستان نہیں دیکھنا چاہتے بلکہ مضبوط جمہوری پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کی حکومت کو آزادی اظہار رائے کا احترام کرنا چاہیے۔