دنیا سے امریکا کا اثر ورسوخ کم ہو رہا ہے جب کہ اس کے مقابلے میں دنیا کی نصف آبادی روس کی حامی بن گئی ہے یہ دعویٰ ایک غیر ملکی صحافی سیمور ہرش نے کیا ہے۔
تحقیقاتی صحافت کے حوالے سے مشہور صحافی سیمور ہرش نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا پر امریکا کا اثر ورسوخ ختم ہوتا جا رہا ہے اور دنیا کی نصف آبادی روس کی حامی بن گئی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر عوام کی اکثریت یوکرین جنگ میں روس کی حمایت کرتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیمور ہرش نے یہ دعویٰ یوٹیوب پر جارج گیلووے کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ افریقی، وسط ایشیائی اور جنوبی ایشیائی ممالک کی ایک بڑی تعداد ڈرامائی انداز سے امریکا سے ہٹ کر روس کی حامی ہوگئی ہے۔
پلٹزر انعام یافتہ صحافی کا کہنا تھا کہ یوکرین تنازع میں امریکا اپنی ساکھ کھو چکا ہے۔ یہ صورتحال پہلے جیسی نہیں اور یوکرین جنگ کے حوالے سے دیکھیں تو دنیا کی نصف سے زیادہ آبادی امریکا کی نہیں بلکہ روس کی حمایت کرتی ہے۔
سیمور ہرش نے اپنے دعوے کو حالیہ سعودی ایران معاہدے سے جوڑتے ہوئے کہا کہ امریکی اثر رسوخ میں کمی کا ثبوت دیکھنا ہو تو سعودی عرب اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کو دیکھ لیں، جس کا نتیجہ یمن جنگ کے خاتمے کی صورت میں نظر آیا۔
واضح رہے کہ سیمور ہرش رواں سال فروری میں اس وقت عالمی منظر نامے پر ایک مرتبہ پھر نمودار ہوئے تھے جب انہوں نے روسی گیس پائپ لائن نورڈ اسٹریم کی تباہی اور سبوتاژ کا الزام امریکا پر عائد کیا۔ واشنگٹن نے ان کی رپورٹ کو غلط اور افسانہ قرار دیا تھا۔