یکم نومبر سے غیر قانونی مقیم افراد کیخلاف کارروائی ہوگی، نگراں پنجاب حکومت

یکم نومبر سے غیر قانونی مقیم افراد کیخلاف کارروائی ہوگی، نگراں پنجاب حکومت

لاہور: پنجاب کی نگراں حکومت کا کہنا ہے کہ یکم نومبر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

نگراں وزیر اطلاعات و نشریات عامر میر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 33 ہزار غیر ملکیوں کی نشاندہی کر لی جن کے پاس دستاویز نہیں، روزانہ میپنگ ہو رہی ہے ان لوگوں کو ڈی پورٹ کیا جائے گا، غیر قانونی مقیم لوگوں کیلیے پنجاب میں 36 مقامات پر ہولڈنگ ایریاز بنائے گئے ہیں۔

عامر میر نے بتایا کہ پنجاب کابینہ نے ڈیپوٹیشن پلان کی منظوری دے دی، ان غیر ملکیوں کی ٹرانسپورٹنگ صوبے کی ذمہ داری ہے، صرف ان لوگوں کو ڈیپورٹ کیا جائے گا جن کا اسٹیٹس غیر قانونی ہے، کسی خاص کمیونٹی کے خلاف کوئی ایکشن نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مہاجرین کی میزبانی کی ہے، جن کے پاس پروف آف ریزیڈنس کا کارڈ ہوگا انہیں کچھ نہیں کہا جائے گا، یہ عالمی قانون ہے کہ دستاویزات نہ رکھنے والوں کو ڈیپورٹ کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یکم نومبر کے بعد بھی لوگوں کو رضاکارانہ طور پر جانے کی اجازت ہوگی، جو نہیں جائیں گے انہیں پکڑ کر ڈیپورٹ کیا جائے گا، واپس جانے والوں کو 50 ہزار روپے ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔