امیتابھ بچن کی نواسی کا بڑا خواب پورا ہوگیا

بھارت کے معروف سینئر اداکار امیتابھ بچن اور جیا بچن کی نواسی نویا نویلی نندا کا بڑا خواب پورا ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق معروف اداکار امیتابھ بچن کی نسل بھی اپنی انتہک محنت سے شہرت اور کامیابیوں کی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

امیتابھ بچن اور جیا بچن کی نواسی نویا نویلی نندا نے بار بار یہ واضح کیا ہے کہ وہ محض ایک اسٹار کڈ نہیں ہیں جو ہندی سنیما میں داخل ہونے کے خواب بُن رہی ہیں۔

بلکہ شویتا بچن نندا اور صنعت کار نکھل نندا کی بیٹی نویا نے اداکاری سے ہٹ کر کاروبا کی طرف اپنے بڑھتے رحجان سے متعلق بتایا۔

اپنے خوابوں کی تکمیل کے لئے نویا نویلی نندا نے مشہور آئی آئی ایم-احمد آباد میں ایم بی اے پروگرام میں ایڈمیشن لے لیا ہے۔

اُنہوں نے اس خبر سے متعلق آگاہ کرنے کے لئے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا رخ کیا اور اسٹوری اپڈیٹ کردی۔

واضح رہے کہ یہ کورس ایک بلینڈڈ (ہائبرڈ) پروگرام ہے جو کیمپس میں منعقد ہونے والے سیشنز اور آن لائن لائیو انٹرایکٹیو سیشنز کو ملا کر بنایا گیا ہے۔

یہ پروگرام ایسے تجربہ کار شرکاء کے لیے ہے جو تین سال کا تجربہ رکھتے ہیں، اس کورس کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ طلباء، جو کام کرنے والے پیشہ ور افراد اور کاروباری حضرات بھی ہیں، اپنی کام کی زندگی اور تعلیمی مقاصد کے درمیان توازن برقرار رکھ سکیں۔