اسلام آباد : پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما عباد فاروق کے بیٹے ننھے عمار کے چچا شہزاد فاروق نے بتایا کہ عمار کے سامنے ماں کو گھیسٹ کر اور دادی کو گرفتار کیا گیا تو وہ ٹینشن کا شکار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما عباد فاروق کے بیٹے ننھے عمار کے چچا شہزاد فاروق نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر مہربخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا امتحان میں عمار آخری 2 پرچوں میں بابا بابا لکھ کر آیا ، جس کے بعد اسے اسپتال میں داخل کرایا تو ڈاکٹروں کا کہنا تھا بچہ صدمے کا شکار ہے۔
چچا نے کہا کہ بچے کے سامنے ماں کو گھیسٹ کر اور دادی کو گرفتار کیا گیا، پولیس کا باربارآنا اورگرفتاریوں سے عمار ٹینشن کا شکار ہوگیا۔
شہزاد فاروق نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطابق والد عمار کو وقت دیتے تو وہ ٹھیک ہوسکتا تھا، میں نے عدالت میں درخواست دائر کی ، جس پر انتقال سے دو دن پہلے عمارکی والد سے پندرہ منٹ کی ملاقات کرائی گئی۔
یاد رہے دو روز قبل 9 مئی کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما میاں عباد فاروق کے 9 سالہ بیٹے عمار زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
خیال رہے عباد فاروق کو پولیس نے نو مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں 10 مئی کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ جیل میں ہیں۔