کراچی(25 جولائی 2025): پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عمارہ چوہدری نے کراچی میں اکیلے رہنے کے حوالے سے خوفناک تجربہ شیئر کردیا۔
حال ہی میں اداکارہ عمارہ چوہدری نے ایک نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی، اس دوران انہوں نے کراچی میں اپنے ساتھ ہونے والا حیران کن واقعہ بتایا۔
اداکارہ نے کہا کہ کراچی میں بڑی تعداد میں لڑکے لڑکیاں تنہا رہتے ہیں جس کی کئی وجوہات ہیں کوئی کام کی وجہ سے تو کئی پڑھائی کے سلسلے میں چھوٹے شہر سے کراچی یا دیگر شہروں میں منتقل ہوتے ہیں۔
عمارہ چوہدری نے کہا کہ تنہا رہنا آسان نہیں کیوں کہ کئی مواقع ایسے ہوتے ہیں جب انسان کو اپنوں کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے خاص اس وقت جب آپ بیمار ہوں اور اکیلے ہوں۔
تنہا رہنے کے حوالے سے خوفناک تجربہ شیئر کرتے ہوئے عمارہ نے بتایا کہ میری فیملی لاہور میں رہتی ہے لیکن میں کام کی وجہ سے کراچی منتقل ہوئی تھی، 2 سال قبل میں کورونا کا شکار ہوئی تھی، اس وقت شوٹس کے سلسلے میں کراچی میں ہی موجود تھی۔
یہ بھی پڑھیں: آج کل کے دور میں پیار نہیں ہوتا، عمارہ چوہدری
انہوں نے مزید بتایا کہ کورونا کا شکار ہونے کے اگلے روز ہی میں پورا دن کیلئے بے ہوش ہوگئی لیکن کسی کو پتہ نہیں چلا، جب فیملی کا مجھ سے رابطہ نہیں ہوا تو گھر والوں نے مالک مکان سے رابطہ کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ مالک مکان نے کسی کو میرے فلیٹ بھیج کر میری خیریت دریافت کرنا چاہی، اسی دوران دروازہ کھٹکھٹانے پر میں ہوش میں آئی، میں پورا دن بے ہوش رہنے کے بعد جب میری آنکھ کھلی تو میرے موبائل پر گھر سے ڈھیروں کالز آئی ہوئی تھیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے اہل خانہ کراچی آنے کیلئے ٹکٹس بک کرواچکے تھے، مکان مالک نے مجھے بتایا کہ ’میرا دروازہ اب بھی میرے گھر والوں کے کہنے پر کھٹکھٹایا گیا‘ اس سے قبل تو مکان مالک بھی یہی سمجھتا رہا کہ میں لاہور چلی گئی ہوں۔