شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ آمنہ ملک نے انکشاف کیا ہے کہ جب میرا حمل ضائع ہوا تو لوگوں نے الزام لگایا کہ میں نے فیشن کے لیے بچے کو مار دیا۔
اداکارہ آمنہ ملک نے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور اپنی دوسری بیٹی کی پیدائش سے قبل مسلسل تین اسقاط حمل کے تکلیف دہ تجربات کا ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ تین حمل ضائع ہونے پر میں ڈپریشن میں چلی گئی تھی، لوگوں نے مجھے کہا کہ میں نے فیشن کی خاطر اپنے بچوں کو خود ہی مار دیا ہے۔
آمنہ ملک نے اپنی شادی سے متعلق بتایا کہ ان کی شادی 18 سال کی عمر میں ہوگئی تھی، ان کی دو بیٹیاں ہیں، بڑی بیٹی 20 سال کی ہے اور چھوٹی بیٹی 13 سال کی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ شروع سے بہت شرارتی، باتونی لڑکی تھیں، جو منہ میں آتا بول دیتی تھیں، جس کی وجہ سے شادی کے بعد انہیں کافی مشکل کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے بتایا کہ پہلی بیٹی جب 4 سال کی تھی تو دوسرے بچے کی پیدائش کو کچھ ماہ باقی تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’اس وقت حمل کا ساتواں مہینہ تھا، گھر کے کاموں کے دوران مجھے نہیں معلوم تھا کہ بچے کا انتقال ہوچکا ہے، الٹراساؤنڈ کروانے گئی تو معلوم ہوا کہ بچہ زندہ نہیں ہے‘۔
آمنہ ملک نے بتایا کہ ’میرے ڈاکٹر نے آپریشن کرنے سے انکار کر دیا اور نارمل ڈلیوری کا مشورہ دیا، وہ دن میرے لیے کافی تکلیف دہ تھے، جو لوگ مجھ سے ملنے آتے تھے وہ بچے کے مرجانے کا افسوس کرتے تھے (کیونکہ وہ بیٹا تھا) انہیں میری کوئی فکر نہیں تھی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اس وقت سسرال میں کسی کی شادی تھی، تو سب کو شادی میں پہنچنے کی فکر تھی، کسی کو میری فکر نہیں تھی، میں اپنی والدہ کے ساتھ اسپتال میں اکیلی تھی۔ ’
آمنہ نے بتایا کہ ’سسرال کی طرف سے میرے اوپر بچے پیدا کرنے کے حوالے سے کافی دباؤ تھا، اس واقعے کے 5 ماہ بعد میں دوبارہ حاملہ ہوئی اور وہ بچہ بھی ضائع ہوگیا اور پھر اسی طرح کچھ ماہ بعد دوبارہ حاملہ ہوئی تو حمل کے تیسرے ہفتے بچہ ایک بار پھر ضائع ہوگیا، میں اس دوران بہت ڈپریشن میں تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ’پھر کچھ ماہ بعد میری بیٹی ہوئی اور میں بہت خوش تھی، جب لوگوں کو الٹراساؤنڈ کے ذریعے معلوم ہوا کہ میری بیٹی ہونے والی ہے تو لوگ کہنے لگے کہ ’کوئی معجزہ ہوجائے کہ بیٹی بیٹا بن جائے‘، مجھے آج بھی دکھ ہوتا ہے کہ لوگ بیٹا اور بیٹی میں فرق کرتے ہیں۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران ان کے شوہر نے ان کا بہت ساتھ دیا لیکن معاشرہ ایسی باتوں کو تسلیم نہیں کرتا۔
واضح رہے کہ آمنہ ملک ان دنوں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں جس کی دیگر کاسٹ میں عینا آصف، ثمر عباس، نعمان اعجاز، ماریہ واسطی، مایا خان، ساجدہ سید، سعد فریدی، پارس مسرور، عثمان مظہر، دیا مغل ودیگر شامل ہیں۔
’مائی ری‘ کی ہدایت کاری کے فرائض میثم نقوی نے انجام دیے ہیں اور ڈرامے روزانہ شام 7 بجے نشر ہوتا ہے۔