آج کل کی محبت میں مخلصی نہیں، آمنہ ملک

آمنہ ملک

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ آمنہ ملک کا کہنا ہے کہ آج کل کی محبت میں مخلصی نہیں ہے۔

اداکارہ آمنہ ملک نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے نجی زندگی سمیت آج کل کی محبت سے متعلق اظہار خیال کیا۔

انہوں نے محبت سے متعلق سوال پر کہا کہ پہلے بھی لوگ خط وغیرہ دیتے تھے ایک چیز ہوتی تھی گاڑی کے دروازے کھولیں تو پرچی لگتی ہوتی تھی اب لڑکے اور لڑکیوں کو بڑی آسانی مل گئی ہے لیکن آج کل کی محبت مخلص نہیں ہے دونوں کے لیے ایک کو چھوڑ کر آگے بڑھنا آسان ہوگیا ہے۔

آمنہ ملک نے کہا کہ ماضی میں جب ہم لڑکیاں بڑی ہورہی تھیں تو یہ خواہش ہوتی تھی کہ لڑکے سے بس بات ہوجائے لیکن اب لڑکیوں کی پہلی ترجیح ان کے کیریئرز ہیں کیونکہ ان کو گھر سے آزادی مل رہی ہے جو کہ ایک طرح سے غلط بھی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اگر لڑکیوں کو آزادی دیں گے تو وہ شادی ہوکر سسرال جائے گی تو وہاں ایڈجسٹ نہیں کرسکے گی اور عمر ہونے کے باوجود لڑکیاں شادی نہیں کررہی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ موجودہ دور میں لڑکے اور لڑکیاں اپنے شریک حیات میں مکمل پرفیکشن کی تلاش کرتے ہیں، جو کہ غیر حقیقت پسندانہ خواہش ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ زندگی میں انسان کو ہر چیز نہیں مل سکتی۔

آمنہ ملک نے لڑکوں کی ماؤں کی غیر ضروری فرمائشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بہو پتلی، لمبی اور گوری ہو، مگر کسی ایک انسان میں یہ تمام خصوصیات نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر لڑکی شادی کے بعد موٹی ہو جائے تو کیا اسے چھوڑ دیا جائے گا؟

انہوں نے مزید کہا کہ لڑکوں کی مائیں جب ایسی لڑکیوں کے رشتے کے لیے جاتی ہیں جو بیرونِ ملک سے تعلیم یافتہ ہوں، تو غیر مناسب سوالات کرتی ہیں، جیسے کہ کیا بیرونِ ملک تعلیم کے دوران آپ کا کسی لڑکے سے تعلق رہا ہے؟