پولیس میں 150 جرائم پیشہ افراد کی بھرتی کی کوشش ناکام بنا دی گئی

پنجاب کے شہر چنیوٹ میں 150 جرائم پیشہ افراد کی محکمہ پولیس میں بھرتی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چنیوٹ میں پولیس کی بھرتی جاری ہے تاہم ڈی پی او نے 150 جرائم پیشہ افراد کی اس محکمے میں بھرتی کی کوشش کو کمال ہوشیاری سے ناکام بنا دیا ہے۔

پولیس کے مطابق پنجاب پولیس میں بھرتی کے لیے چنیوٹ سے 6073 امیدواروں نے فارم جمع کرائے تھے، جب ان امیدواروں کے شناختی کارڈز ڈیٹا سے ان کے مجرمانہ ریکارڈ کو چیک کیا گیا تو 150 درخواست گزاروں کے خلاف مختلف مقدمات درج تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ 150 افراد پر کرمنل ایکٹویٹیز کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں اور ان مقدمات کی وجہ سے ملوث امیدواروں  کے کاغذات مسترد کر دیے گئے ہیں۔