امارت اسلامیہ کا ہیلی کاپٹر تباہ

امارت اسلامیہ فورسز کا ہیلی کاپٹر گرِ کر تباہ ہو گیا جب کہ طالبان حکومت نے دیگر ممالک سے ‏اپنے ہیلی کاپٹر واپس دینے پر زور دیا ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق پیر کے روز قندھار میں امارت اسلامیہ فورسز کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا ‏ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ تکنیکی خرابی بتائی جا رہی ہے۔ سوار افراد کے بارے ‏میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب طالبان نے پڑوسی ممالک سے افغان طیاروں کی واپسی کے لیے کوششیں تیز کر دی ‏ہیں۔

امارت اسلامیہ کے نائب ترجمان انعام اللہ سمنگانی کا کہنا ہے کہ طیاروں کی واپسی کے لیے اعلیٰ ‏سطح پر مذاکرات شروع ہو چکے ہیں۔

اگست میں طالبان کے کابل کا کنٹرول سنبھالنے اور اتحادی افواج کے انخلا کے دوران افغان پائلٹ ‏طیاروں پر تاجکستان، ازبکستان اور پڑوسی ممالک فرار ہو گئے تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ 40 سے زیادہ طیارے پڑوسی ممالک خاص طور پر تاجکستان اور ازبکستان کے ‏لیے اڑان بھرے تھے اور اب ان طیاروں کی واپسی پر بات چیت شروع ہو گئی ہے۔