لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی تین اہم خواتین رہنماؤں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی چھوڑنے والی خواتین رہنماؤں میں عندلیب عباس، سعدیہ سہیل اور سمیرا بخاری شامل ہیں جنہوں نے حال ہی میں استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔
ملاقات میں عندلیب عباس، سعدیہ سہیل اور سمیرا بخاری نے پی ٹی آئی چھوڑنے اور آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملاقات کے دوران عون چوہدری بھی شریک تھے۔
چند روز قبل فرخ حبیب نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی چھوڑنے اور آئی پی پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے 5 ماہ سے ہم سب لوگ اپنے گھروں میں نہیں تھے، 9 مئی کو افسوسناک واقعہ پیش آیا اس کے بعد ہم سب گھروں سے دورتھے۔
اتوار کے روز اے آر وائی نیوز نے خبر دی تھی کہ فرخ حبیب کو آئی پی پی میں اہم ذمہ داری دیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین سے ملاقات کی تھی جس میں انہیں اہم ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا۔