بین الاقوامی منشیات اسمگلرز کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا

منشیات اسمگلنگ

راولپنڈی : اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحےکی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے رواں سال اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی منشیات اسمگلرز کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

ترجمان اے این ایف ک نے بتایا کہ کارروائی پسنی کی ساحلی پٹی کے قریب ایک سنسان کمپاؤنڈ میں کی گئی جہاں چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد ہوا۔

کارروائی کے دوران کمپاؤنڈ میں موجود کنویں سے 187 کلو آئس اور 225 جدید پستول برآمد ہوئے، ملزمان یہ منشیات اور اسلحہ یمن اور تنزانیہ اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

چھاپے کے دوران کمپاؤنڈ میں موجود گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی ہے جبکہ ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ افغانستان میں منشیات کی بڑھتی ہوئی پیداوار خطے میں اسمگلنگ کے مسائل میں اضافہ کر رہی ہے اور پاکستان کو اس مقصد کے لیے بطور ٹرانزٹ روٹ استعمال کیا جا رہا ہے۔