سر ی لنکا کے آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز نے ٹائم آؤٹ کے معاملے پر خاموشی توڑ دی ہے۔
سری لنکن آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز نے پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ میرے پاس کریز پر آنے اور خود کو تیار کرنے کے لیے دو منٹ تھے اور میں ان دو منٹ میں ہی گراؤنڈ میں آیا لیکن پھر ہیلمٹ کا پٹا ٹوٹ گیا جس میں میری کوئی غلطی نہیں تھی۔
میتھیوز نے مزید کہا کہ میں نے 15 سالہ کرکٹ کیرئیر میں کبھی کسی ٹیم کو اتنا نیچے گرتا نہیں دیکھا اور مجھے نہیں معلوم کہ ان سب کی عقل کہاں گئی کیونکہ ظاہر ہے یہ شکیب اور بنگلا دیش کی جانب سے ذلت آمیز حرکت ہے، اگر وہ اس طرح کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں تو مجھے لگتا ہے کہ اس میں بہت بڑی غلطی ہے، میرا ہیلمٹ ٹوٹنے کے بعد میرے پاس 5سیکنڈ باقی تھے’ ۔
I rest my case! Here you go you decide pic.twitter.com/AUT0FGffqV
— Angelo Mathews (@Angelo69Mathews) November 7, 2023
دوسری جانب بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن نے اینجیلو میتھیوز کے ٹائم آؤٹ پر بننے والے تنازع پر کہا کہ ‘یہ آئی سی سی کا قانون ہے، انہیں ایسے آؤٹ کرنے پر مجھے کوئی افسوس نہیں کیونکہ اس سے ٹیم کی جیت میں مدد ملی’۔
شکیب نے مزید کہا ‘جب میتھیوز کے ہیلمٹ کا پٹا ٹوٹا تو ہمارا ایک پلیئر میرے پاس آیا اور کہا کہ اگر میں ٹائم آؤٹ کی اپیل کرتا ہوں تو وہ آؤٹ ہوجائیں گے، امپائر نے مجھ سے پوچھا کہ کیا میں سنجیدہ ہوں؟ یہ آئی سی سی کا قانون ہے، مجھے نہیں معلوم کہ یہ صحیح ہے یا غلط، جب ہم فیلڈ میں تھے مجھے ایسا لگا جیسے میں جنگ میں ہوں’۔
گزشتہ روز آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے 38 ویں میچ میں سری لنکا کے آل راؤنڈر اینجیلو میتھیوز کو ’ٹائمڈ آؤٹ‘ قرار دے دیا گیا جس کے بعد وہ اس طرح آؤٹ ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
اس میچ میں بنگلادیش نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دی لیکن میچ کے دوران سری لنکن اننگز میں ایک ایسا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جو آئی سی سی کے قانون کے مطابق تو تھا لیکن اسپورٹس مین اسپرٹ کے بالکل خلاف تھا۔
25 ویں اوور میں سمارا وکراما کے آؤٹ ہونے کے بعد اینجیلو میتھیوز نے میدان میں آنے کے لیے کچھ وقت لیا اور پھر ان کے ہیلمٹ کا پٹا ٹوٹ گیا، جیسے ہی سری لنکن آل راؤنڈر نے نئے ہیلمٹ کے لیے ڈریسنگ روم کی جانب اشارہ کیا تو شکیب سمیت بنگلا دیشی ٹیم نے ’ٹائمڈ آؤٹ‘ قرار دیے جانے کی اپیل کردی جس پر امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔