ٹوکیو اولمپکس: جوکووچ نے شکست کا غصہ ’ریکٹ‘ پر نکال دیا

عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نواک جوکووچ ٹوکیو اولمپکس میں ایک اور شکست پر غصے میں آگئے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق عالمی نمبر ایک سربین ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کو اسپین کے پابلو کرینو بُسٹا نے شکست دے کر کانسی کے تمغے سے بھی محروم کردیا۔

سربین کھلاڑی شکست کے بعد غصے پر قابو نہ رکھ سکے اور ریکٹ کو زور سے نیٹ پر دے مارا۔

شکست کے بعد جوکووچ مسکڈ ڈبل کے مقابلوں سے بھی دستبردار ہوگئے اور ٹوکیو اولمپکس میں ان کا سفر خالی ہاتھ ہی تمام ہوگیا۔

واضح رہے کہ جوکووچ نے گزشتہ سال یو ایس اوپن میں کرینو بُسٹا کے خلاف ہی میچ میں نادانستہ طور پر ایک گیند کو لائن جج کو دے مارا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نواک جوکووچ اولمپک ٹینس کے سیمی فائنل میں الیگزینڈرا زویو سے شکست کھا گئے تھے۔

جوکووچ کی ’گولڈن سلم‘ جیتنے کی امیدوں پر پانی پھر گیا، 24 سالہ زیو نے 1-6، 6-3 اور 6-1 سے فتح سمیٹی۔

گزشتہ دنوں ٹوکیو اولمپکس 2020 میں ایک بڑا اپ سیٹ اُس وقت سامنے آیا تھا جب جاپان کی ٹینس اسٹار ناؤمی اوساکا کو اپنی ہی سرزمین پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔