فلم ’اینیمل‘ اس سال ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلموں میں سے ایک ہے، جس میں رنبیر کپور کی اداکاری اور پرتشدد مناظر کے بھی کافی چرچے رہے۔
سندیپ ریڈی وانگا کی اس فلم کی جو سب سے انوکھی بات سامنے آئی ہے وہ یہ کہ ’اینیمل‘ میں رنبیر کپور کی ماں کا کردار نبھانے والی اداکارہ چارو شنکر اور رنیبیر کپور کی حقیقی عمروں میں محض ایک سال کا فرق ہے۔
چارو اپنے فلمی بیٹے رنبیر سے صرف ایک سال بڑی ہیں۔ تاہم انھوں نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ کس چیز نے انھیں فلم میں تقریباً اپنے ہم عمر اداکار کی ماں کا کردار نبھانے پر مجبور کیا۔
اداکارہ چارو شنکر نے کہا کہ مجھ میں اور رنبیر میں صرف ایک سال کا فرق ہے لیکن میں نے سوچا کہ ایک اداکار کے طور پر میں اس کردار سے انکار کیوں کروں؟ یہ ایک دلچسپ موقع تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب ہدایت کار سندیپ نے فلم کی کہانی سنائی تو مجھے لگا یہ بہت دلچسپ اور مختلف ہے۔ سندیپ نے مجھے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ میری فلم میں بہت اہم کردار ادا کریں۔
اداکارہ نے کہا کہ جب میں پہلی بار سندیپ سے ملی تو انھوں نے کہا کہ آپ اس کردار کے لیے بہت چھوٹی ہیں تاہم انھوں نے مجھ کہانی سنائی اور 6 ماہ بعد جب فلم کی فائنل کال موصول ہوئی۔
واضح رہے کہ رنبیر کپور کی فلم اینیمل نے بھارت سمیت دنیا بھر میں ریکارڈ بزنس کیا ہے۔ فلم اب تک مقامی باکس آفس پر 519 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے۔