بھارت کی معروف اداکارہ انکیتا لوکھنڈے نے برسوں بعد آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت سے بریک اپ پر خاموشی توڑ دی۔
اداکارہ انکیتا لوکھنڈے ان دنوں متنازع رئیلٹی شو بگ باس 17 میں شرکت کررہی ہیں جس میں ان کے شوہر وکاس جین ’وکی‘ بھی شریک ہیں۔
انکیتا نے 30 اکتوبر کو نشر کی جانے والی 16ویں قسط میں ساتھی امیدوار یوٹیوبر، کامیڈین منور فاروقی سے سشانت سنگھ راجپوت سے بریک کے موضوع پر گفتگو کی۔
انکیتا لوکھنڈے نے بتایا کہ ‘میرا اور سشانت کا رشتہ 2010 میں ڈرامہ ‘پووتر رشتہ’ کے سیٹ پر شروع ہوا، ہم دونوں کی دوستی اسی سیٹ پر ہوئی جو بعد میں محبت میں بدل گئی، ہم دونوں ایک ساتھ بہت خوش تھے لیکن میری زندگی صرف ایک رات میں تبدیل ہوئی’۔
اداکارہ نے کہا ‘ہمارا بریک اپ 2016 میں ہوا، مجھے کچھ سمجھ نہیں آیا کہ یہ ہوا کیا ہے، بس ایک رات سشانت بغیر بتائے غائب ہوگیا، ان دنوں اس کے بالی وڈ کیرئیر کی شروعات تھی، سو لوگ کان بھرنے والے بھی ہوتے ہیں، بس ایسے سشانت میری زندگی سے چلا گیا’۔
انکیتا لوکھنڈے نے شکوہ کیا کہ ‘اگر وہ مجھے چیزیں بتاکر کرتا یا بتادیتا کہ رشتہ نہیں رکھنا تو میں ذہنی طور پر تیار ہوتی، اتنا سب اچانک ہوا کہ مجھے لگا میری زندگی سے سب کچھ ختم ہوگیا، اس سب میں میرے والدین نے میرا بہت ساتھ دیا’۔
بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ‘جب سشانت کی موت ہوئی اور میں اس کے لیے کھڑی ہوئی تو لوگوں نے کہنا شروع کردیا کہ اگر انکیتا سشانت کی زندگی میں ہوتی تو یہ سب نہ ہوا ہوتا، لوگ اس وقت کہاں تھے جب میں بریک اپ کا سامنا کررہی تھی، اس وقت لوگوں نے نہیں کہا کہ انکیتا کے ساتھ سشانت کو ہونا چاہیے تھا’۔
یاد رہے کہ 14 جون 2020 کو سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی تھی، سشانت سنگھ نے متعدد بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جس میں سابق بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی کی زندگی پر بنی فلم ’ایم ایس دھونی، دی ان ٹولڈ اسٹوری‘ بھی شامل تھی۔