وزیراعظم شہباز شریف نے شانگلہ میں جاں بحق 8 بچوں کے اہلخانہ کیلئے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے ہر جاں بحق بچے کے اہل خانہ کے لئے 10 لاکھ روپےکی مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ تودہ گرنے سے زخمی شخص کو بھی مالی امداد دی جائے گی۔
وزیراعظم نے مالی امداد کا اعلان انجینئر امیرمقام کی درخواست پر کیا ہے۔ امیر مقام نے وزیراعظم کوحادثے کے متاثرین کیلئے امداد کی اپیل کی تھی۔
وزیراعظم نے امیرمقام کو متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کر کے تعزیت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
شانگلہ کے علاقے مارتونگ خاص میں بچے کرکٹ کھیل رہے تھے کہ اس دوران ریت کا ٹیلہ ان پر گر گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک حادثے میں 8 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی۔