ورلڈ کپ: اہم ترین مرحلے پر میکسویل کے بعد آسٹریلیا ایک اور کھلاڑی سے محروم

ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک رسائی کیلیے جنگ حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اس موقع پر آسٹریلیا کو میکسویل کے بعد اپنے ایک اور کھلاڑی سے محروم ہونا پڑ گیا ہے۔

بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں میزبان ٹیم سمیت جنوبی افریقہ کی سیٹ تقریباً پکی ہے تاہم دیگر دو ٹیموں کے لیے جہاں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ امیدوار ہیں وہیں اگر مگر کے ساتھ پاکستان، افغانستان اور سری لنکا کا بھی چانس ہے تاہم اس اہم ترین مرحلے پر آسٹریلیا کو پے در پے دو اہم کھلاڑیوں سے محروم ہونا پڑ گیا ہے جس کی وجہ سے اس کی ورلڈ کپ کی مہم متاثر ہو سکتی ہے۔

آسٹریلیا جس نے میگا ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیل کر 4 فتوحات کے ساتھ 8 پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں اس کے اگلے میچز انگلینڈ، افغانستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ ہیں۔

ان تینوں میچز میں فتح کینگروز کو فائنل فور کا ٹکٹ تھما دے گی جب کہ دو میچز میں فتح سے معاملہ رن ریٹ پر جائے گا جہاں اسے نیوزی لینڈ اور پاکستان کا سامنا ہو سکتا ہے۔

اس اہم ترین مرحلے پر پہلے آسٹریلیا کے ان فارم آل راؤنڈر اور ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری اسکور کرنے والے میکسویل زخمی ہوکر انگلینڈ کے خلاف 4 نومبر کو شیڈول میچ سے باہر ہوگئے تھے۔ ابھی کینگروز ٹیم اس سے بھی نہ سنھلی تھی کہ دوسرے آل راؤنڈر مچل مارش بھی اچانک ورلڈ کپ چھوڑ کر وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق مارش ذاتی وجوہات کی بنا پر وطن واپس آئے ہیں اور غیر معینہ مدت کے لیے ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔