وفاقی حکومت اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مہنگی بجلی کے ستائے صارفین کو قیمتوں میں بڑے ریلیف سے محروم کرنے کا پلان بنا لیا۔
ستمبر میں ختم ہونے والی ایڈجسٹمنٹس کے ریلیف کا راستہ روکنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ نیپرا اور وفاقی وزیر نے ستمبر کے بعد سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا ریلیف نہ دینے کا اعتراف کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ستمبر میں 3 روپے 21 پیسے فی یونٹ وصولی کی سابقہ ایڈجسٹمنٹس ختم ہو چکی ہے۔ نیپرا نے گزشتہ روز بجلی 3 روپے 21 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی۔ اکتوبر سے پرانی ایڈجسٹمنٹ جتنی نئی ایڈجسٹمنٹ لاگو کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
نئی ایڈجسٹمنٹ لاگو نہ کرنے سے بجلی 3 روپے 21 پیسے فی یونٹ سستی ہو سکتی تھی۔ وزیر بجلی نے اعتراف کیا کہ صارفین بجلی کی وہی قیمت ادا کریں گے جو ستمبر میں تھی۔
ادھر نیپرا نے بھی نئی ایڈجسٹمنٹ پہلے والی ایڈجسٹمنٹس کے متبادل چارج کرنے کا اعتراف کرلیا۔ نیپرا نے اکتوبر سے 4 ماہ تک صارفین پر 94 ارب کا اضافی بوجھ ڈالنے کی منظوری دی۔