بھارت میں جاری ورلڈ کپ کا ابتدائی راؤنڈ اختتام کی جانب گامزن ہے اس اہم مرحلے پر سری لنکا ٹیم کا ایک اور اہم کھلاڑی زخمی ہو کر میگا ایونٹ سے باہر ہو گیا ہے۔
بھارت میں جاری کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا رابن راؤنڈ مرحلہ اختتام کی جانب گامزن ہے۔ میزبان انڈیا سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے جب کہ تین ٹیموں کا فیصلہ اگلے میچوں کے نتائج پر ہوگا۔
فائنل فور کے لیے مضبوط امیدواروں میں جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا کے خلاف پاکستان، سری لنکا بھی اس دوڑ میں ممکنات کے ساتھ موجود ہیں۔ سری لنکا نے اب تک 5 میچوں میں سے 2 میں فتح حاصل کرکے 4 پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں اور آج وہ افغانستان سے ٹکرائے گا یہ میچ جیت کر وہ فائنل فور کے لیے اپنے چانس بڑھا لے گا جب کہ اس کے چار میچز ابھی باقی ہیں۔
تاہم اس اہم مرحلے پر سری لنکا کو بڑا دھچکا پہنچا ہے کہ کپتان کے بعد ایک اور اہم کھلاڑی انجرڈ ہو کر میگا ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
لاہیرو کمارا انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہوئے ہیں وہ پونے میں ٹریننگ سیشن کے دوران زخمی ہوئے تھے۔
آئی لینڈرز نے لاہیرو کی جگہ دشمنتھا چمیرا کو ٹیم میں شامل کیا ہے جب کہ آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی نے سری لنکا اسکواڈ میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان داسن شناکا ان فٹ ہونے کی وجہ سے ورلڈ کپ سے باہر ہو چکے ہیں۔
سری لنکا کے کپتان پاکستان کے خلاف میچ کے دوران زخمی ہو گئے تھے، ان کی جگہ قیادت کوشال مینڈس کو سونپی گئی ہے۔