کراچی : ڈی ایس پی عمیر طارق کے غیرقانونی چھاپےکاایک اور کیس سامنے آگیا ، چھاپہ کلفٹن عمر شریف پارک سے متصل ہوٹل پر مارا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کی جانب سے غیر قانونی چھاپوں کی نئی کہانیاں سامنے آرہی ہیں، ڈی ایس پی یوٹی کے غیرقانونی چھاپےکاایک اور کیس سامنے آگیا۔
چھاپہ کلفٹن عمر شریف پارک سے متصل ہوٹل پر مارا گیا تھا، ہوٹل منیجر نے بتایا کہ 31اکتوبر شام 4بجے ہوٹل پر چھاپہ مارا گیا، سادہ لباس اہلکار،فیضان خرم ودیگر اہلکار ہوٹل میں داخل ہوئے، ملزمان نے داخل ہوکربجلی معطل ،وائی فائی کنکشن نکال دیا گیا۔
منیجر کا کہنا تھا کہ ملزمان نے ڈی وی آر کی لائنیں نکال کر ہارڈ ڈسک بھی قبضے میں لےلی، خرم اور فیضان ہم دونوں پوچھ گچھ کرنے لگے، ہماری جانب سے کہا گیا آپ کو جو تلاشی لینی ہے لے لو۔
ہوٹل منیجر کے مطابق غیر قانونی چھاپے کے دوران 37 ہزار روپے،موبائل فون چھینے، مجھے کہا گیا باہر یوٹی صاحب موجود ہیں ان سے جاکر ملو، ہم نے ملنے سے منع کیا تو ہمیں بوٹ بیسن تھانے لے گئے اور تھانے پہنچ کر ہمارے کیخلاف مقدمہ درج کرکے ہمیں جیل بھجوادیا۔
3دن جیل میں رہنے کے بعد واپس آئے تو غیر قانونی عمل پرایس ایس پی کو درخواست دی، آج 20روز سے زائد گزر گئے ہیں ہماری درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔