پولیس سے بدتمیزی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں، نذیر چوہان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج

لاہور : رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا، جس میں کار سرکار میں مداخلت، جان سے مارنے کی دھمکیوں سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے خلاف ایک اور مقدمہ تھانہ گرین ٹاؤن میں درج کرلیا گیا ، مقدمہ ایس ایچ او گرین ٹاؤن صغیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت، جان سے مارنے کی دھمکیوں سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں ہیں ، مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کے دن نذیرچوہان ساتھیوں سمیت پولنگ اسٹیشن آئے اور ایم پی اے نذیر چوہان نے ایس ایچ او سے بد تمیزی کی۔

متن میں مزید کہا گیا ہے کہ نذیرچوہان نے پولنگ اسٹیشن کے اندر زبردستی جانے کی کوشش کی جبکہ پولیس کے روکنے پر نذیرچوہان نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

یاد رہے مقامی عدالت نے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے ، نذیر چوہان کےخلاف شہزاداکبرکی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔

گذشتہ روز پی ٹی آئی کے ایم پی اے نذیر چوہان کے روبکار جیل کوٹ لکپھت پہنچتے ہی ایف آئی اے کی ٹیم نے انھیں دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔